ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راکیش سدرامیا کی موت پر جناردھن ریڈی کا بیان، بی جے پی قائدین ریڈی کے بیان پر سخت برہم

راکیش سدرامیا کی موت پر جناردھن ریڈی کا بیان، بی جے پی قائدین ریڈی کے بیان پر سخت برہم

Wed, 31 Oct 2018 23:23:21    S.O. News Service

بنگلورو،31؍اکتوبر(ایس او نیوز) غیر قانونی کانکنی معاملے کے کلیدی ملزم بی جے پی لیڈر جناردھن ریڈی کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا کے فرزند راکیش کی موت کے متعلق دئے گئے بیہودہ بیان پر ریاستی بی جے پی کے سرکردہ قائدین نے بھی ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ اور اس طرح کا بیان دینے پر بی جے پی لیڈروں نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کی بھی موت اس خاندان کے لئے سب سے بڑے دکھ کا سبب ہوتی ہے ، اس دکھ میں شریک ہونا انسانیت کا تقاضہ ہے۔

راکیش سدرامیا کی موت کو لے کر جناردھن ریڈی نے یہ بیان دیاتھا کہ ’’راکیش سدرامیا کی موت دراصل سدرامیا کو ان کے غلطیوں کی سزا تھی‘‘۔ بی جے پی قائدین بشمول رکن پارلیمان پی سی موہن اور دیگر نے آج شہر میں سردار پٹیل کے جنم دن کے موقع پر دوڑ میں حصہ لینے سے قبل اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جناردھن ریڈی نے جو بیان دیا ہے وہ قطعاً بی جے پی کے لئے قابل قبول نہیں ہے، موت جس کی بھی ہو وہ سب کے لئے صدمے کی بات ہے۔ جن لوگوں کا اپنا کوئی چلاجاتاہے تو اس کی جدائی کے غم کا احساس ان سے زیادہ کسی اور کو نہیں ہوتا، ایسے معاملے انتہائی حساس ہوتے ہیں۔ انتخابی مہم کے مرحلے میں جناردھن ریڈی نے اس طر ح کا بیان دے کر پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

بیشتر بی جے پی لیڈران بشمول ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپانے جناردھن ریڈی کے بیان پر کنارہ کشی اختیار کرلی۔ آج پی سی موہن اور سابق وزیر اروند لمباولی نے جناردھن ریڈی کے بیان کی کھل کر مذمت کی ، حالانکہ جناردھن ریڈی نے اپنے اس بیان پر معذرت خواہی کی ہے، لیکن بی جے پی قائدین نے کہا ہے کہ کسی کو دکھ پہنچانے کے بعد اس طرح معذرت خواہی کرلینا درست نہیں ۔ اس طرح کے بیانوں سے عوام سیاستدانوں پر بھروسہ کرنا چھوڑ دیں گے۔ اپنے بیان میں جناردھن ریڈی نے جس طرح کے الفاظ استعمال کئے ہیں وہ انہیں نہیں کرنا چاہئے تھا۔ 


Share: